اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔اسلام آباد میں شہباز شریف کی زیر صدارت ریکوڈک منصوبے پر اجلاس ہوا، بیرک گولڈ کمپنی کے وفد نے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مارک برسٹوو کی سربراہی میں شرکت کی۔دوران اجلاس وزیراعظم نے ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والوں اور بندرگاہ تک لاجسٹکس کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بذریعہ سڑک گوادر سے جوڑنے کے لیے روڈ نیٹ ورک اپ گریڈ کیا جائے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جہاں نئی سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں، ان کی تکمیل کا کام تیز تر کیا جائے، ریکوڈک کی گوادر بندرگاہ تک ریل روڈ نیٹ ورک کی فزیبیلٹی کی حکمت عملی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریکوڈک سے گوادر ریلوے لائن منصوبے سے بندرگاہ تک رسائی آسان اور کم وقت میں ہوگی، نئی ریلوے لائن سے معدنیات سے بھرپور ضلع چاغی مستفید ہوگا، نئی ریلوے لائن سے کان کنی کی صنعت کو فروغ ملے گا۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ریکوڈک روڈ اینڈ ریل کنیک ٹیوٹی پر اگلے ہفتے تفصیلی بریفنگ طلب کرلی۔اجلاس کے شرکاء کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریکوڈک منصوبے کی فزیبیلٹی دسمبر 2024 تک مکمل کرلی جائے گی، ریکوڈک سے ہر مہینے 6 ہزار کنٹینر بندرگاہ تک جائیں گے، ریکوڈک سے قومی شاہراہ 40 تک کی لنک روڈ مائیننگ کمپنی تعمیر کرے گی۔