کراچی( نمائندہ خصوصی) قومی ادار ہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی و ی ڈی) کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر کو ان کی مثالی قیادت اور پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال میں غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں پاکستان سول ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔پروفیسر ندیم قمر نے2015میں این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالی اور ایک انقلابی تبدیلی کے سفر کا آغاز کیا اور کچھ ہی عرصے میں این آئی سی وی ڈی کراچی کا نام دنیا کے بڑے کارڈیک ہسپتالوں میں شما رہونے لگا۔ این آئی سی وی ڈی پورے ملک سے آنے والے مریضوں کے لیے امید کی کرن بن گیا۔انہوں نے این آئی سی وی ڈی میں 2017سے بالکل مفت علاج فراہم کرنے کا آغاز کیا اور بغیر کی رنگ، نسل مذہب کے مریضوں کو بالکل مفت امراضِ قلب کے علاج تک رسائی آسان ہوگئی۔جدت طرازی کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی نے این آئی سی وی ڈی کراچی کو دنیا کا سب سے بڑا پرائمری انجیوپلاسٹی کا مرکز بنا دیا علاوہ ازیں اسٹروک انٹروینشن (فالج) کا پروگرام بھی متعارف کرایا، جس کی اس قبل سرکاری شعبے کے ہسپتالوں میں مثال نہیں ملتی۔ مزید برآں، پروفیسر قمر نے بچوں کے علاج اور پروسیجرز کو جدید بنانے کے لیے انتھک محنت کی، اور آج این آئی سی وی ڈی میں امرضِ قلب میں مبتلا بچوں کو دنیا کا جدید ترین علاج بالکل مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ ان کی کوششوں نے تعلیم اور استعداد کار میں بھی اضافہ کیا، ان کی سرپرستی میں 1200سے زائد فیلوز کو تربیت دی گئی اور اس طرح مستقبل کے لیے قلبی افرادی قوت کو تقویت ملی۔ سندھ کے دیگر شہروں میں دل کے مریضوں کی حالت زار کو دیکھتے ہوئے، پروفیسر ندیم قمر نے حکومتِ سندھ کے ساتھ مل کر صوبہ بھر میں کارڈیک سیٹ لائٹ سینٹرز کے قیا م کا آغاز کیااور کچھ ہی عرصے میں 10ہسپتالیں وجود میں آگئیں اور مریضوں کو انہی کی دہلیز پر امراضِ قلب کابالکل مفت اور جدید علاج فراہم کرنے میں دن رات مصروف ِ عمل ہیں۔پروفیسر ندیم قمر نے ایک اور اہم اقدام چیسٹ پین یونٹس کی شکل میں صوبہ بھر میں متعارف کرایاجو 28یونٹس کے ساتھ عالمی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔ان یونٹس سے لاکھوں مریض مستفید ہو چکے ہیں اور 32ہزار سے زائد ایسے مریض تھے جو ہارٹ اٹیک کے ساتھ آئے تھے جن کو فوری طبّی امداد دے کر فوری طور این آئی سی وی ڈی منتقل کیا گیا جہاں پر ہنگامی طور پر ان کی پرائمری انجوپلاسٹی کر کے ان کی زندگیاں بچائی گئیں۔اس اعزاز کے اپنے عاجزانہ اعتراف میں، پروفیسر ندیم قمر نے اس کامیابی کا سہرا این آئی سی وی ڈ ی کی پوری ٹیم کی اجتماعی کاوشوں اور حکومتِ سندھ کی ثابت قدمی کو قرار دیااور پسماندہ افراد کی خدمت کے لیے اپنی لگن کا اعادہ کرتے ہوئے ضروت مندوں کو امراضِ قلب کی مثالی خدمات فراہم کرنے کے اپنے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔پروفیسر ندیم قمر کو پاکستان سول ایوارڈ سے نوازنا ان کی دور اندیش قیادت اور عوامی خدمت کے لیے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے، جو پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے منظر نامے پر انمٹ نقوش چھوڑتا ہے۔ این آئی سی وی ڈی فیملی پروفیسر طاہر صغیر کی قیادت میں پروفسیر ندیم قمر کو پاکستان سول ایوارڈ ملنے پر ان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہے۔