کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے پاکستان سمیت پوری دنیا میں بسنے والی ہندو برادری کو ہولی کے تہوار پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذہب کے پیروکاروں میں قومی وحدت اور معاشرتی ہم آہنگی مزید مضبوط ہوگی – سردار عبدالرحیم نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ سندھ کے حکمران سستی شہرت حاصل کرنے کی خاطر مندروں میں جاکر ہندو مذہب رسومات میں حصہ تو لیتے ہیں لیکن عملاًُ ہندو برادری کی جان و مال کو اقتدار میں ہوتے ہوے بھی تحفظ دینے میں ناکام ہیں- سردار عبدالرحیم نے کہا کہ ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی سندھ کی بیٹی پریا کماری سمیت درجنوں افراد کو پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت ڈکیتوں کے چنگل سے بازیاب نہیں کروا سکی ہے – سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ ہندو برادری کا ہولی کا تہوار رنگوں اور خوشحالی کا تہوار ہے یہ تہوار امن اور آشتی کا پیغام دیتا ہے ، انہوں نے کہا کہ سندھ میں بسنے والی ہندو برادری کا صوبے کی ترقی و خوشحالی میں نمایاں کردار ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ پیر صاحب پگارا نے ہمیشہ سندھ میں بسنے والی اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے ، سندھ میں حکمرانوں کی نااہلی کے باعث ہندو برادری عدم تحفظ کا شکار ہے اور آئے روز اغواہ برائے تاوان اور بھتہ خوری کی وجہ سے سندھ سے ہندو برادری نقل مکانی کرنے پر مجبور ہے ، سردار عبدالرحیم نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے – نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوگئے ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی ہو یا کشمور سندھ بھر میں لاقانونیت کا راج ہے