استور(نمائندہ خصوصی)ملک بھر کی طرح ضلع استور میں یوم پاکستان پورے ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا. دن کا آغاز مساجد میں ملکی سالمیت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا. دن کی مناسبت سے ضلعی انتظامیہ استور کے زیر اہتمام ایک شاندار ریلی منعقد ہوئی ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہوکر ہائی سکول استور پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی. ریلی میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی. یادگار شہداء پر پاک فوج کے زیر اہتمام پھول چڑھانے کی تقریب منعقد ہوئی. پاک فوج کے چا وچوبند دستہ نے سلامی پیش کی. ڈپٹی کمشنر استور زید اور لفٹننٹ کرنل علی نقاش نے یادگار شہداء پر پھول چڑھاۓ اور شہداء کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی. اس موقع پر عوام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی. بعد میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول استور میں یوم پاکستان کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد ہوئی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر استور زید تھے. تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ ڈپٹی کمشنر استور نے کہا کہ آج کا دن یوم یوم تجدید عہد ہے. آج ہم سب نے اس بات کا اعادہ کرنا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان کو ایک عظیم فلاحی ریاست بنانا ہے. اس کے لیے ہم سب کو ایمانداری اور محنت سے اپنے فرائض کی انجام دہی بجا لانی ہے تاکہ وطن عزیز پاکستان کو ہم عظیم سے عظیم تر بناسکیں. انہوں نے کہا کہ ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں پوری ایمانداری, محنت اور لگن سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مملکت خداداد پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا سکیں. ڈپٹی کمشنر استور نے کہا کہ ہمارے اصلاف نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے قیام پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کیا ہے. ہم سب کو چاہیے کہ اپنے اصلاف کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور اور ان کی قربانیوں کو رائیگاں جانے نہ دیں. انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کی خاطر ہم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں. اور آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ وقت آنے پر اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے.تقریب کے دوران سکول کے طلباء و طالبات نے دن کی مناسبت سے تقاریر, ملی نغمے اور خاکے پیش کیے اور خوب داد حاصل کی. تقریب سے ڈوئژنل فارسٹ آفیسر زاہد اللہ, صدر پریس کلب استور رفیع اللہ آفریدی اور پرنسپل گورنمنٹ بوائز ہائی سکول استور نسیم اللہ نے بھی خطاب کیا.