اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)پاکستان نے بھارت کی جانب سے ٹوئٹر اکاﺅنٹس بلاک کرنے پر بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات بین الاقوامی معیار کے خلاف ہیں،بھارتی اقدام ہندوستان میں بنیادی آزادی کو روکنے کی خطرناک رفتار کی عکاسی کرتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق احتجاج بھارت کی طرف سے ٹوئٹر پر 80 اکاﺅنٹس بلاک کرنے پر کیا گیا۔
بھارت نے ایران، ترکی، مصر، اقوام متحدہ میں پاکستانی سفارتی مشن اور نیویارک میں پاکستان کے سفارتی مشن کے اکاﺅنٹس بلاک کئے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے جیو بلاکنگ کے ذریعے ریڈیو پاکستان کی نشریات بھی بلاک کیں۔ بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی معیار کے خلاف ہیں۔ترجمان کے مطابق بھارت سے سفارتی مشن کے ٹوئٹر اکاﺅنٹس بلاک کرنے کے اقدام کو فوری واپس لینے کا کہا گیا اور بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ یہ اصولوں اور معلومات کے بہاﺅ کے فریم ورک کے خلاف ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی اقدام ہندوستان میں بنیادی آزادی کو روکنے کی خطرناک رفتار کی عکاسی کرتے ہیں۔