کراچی(نمائندہ خصوصی)سندھ کے چیف سیکریٹری سید آصف حیدر شاہ نے واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) حیدرآباد کے منیجنگ ڈائریکٹر زاہد کھیمٹیو کو فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی پر معطل کردیا ہے۔جمعہ کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق، چیف سکریٹری سندھ نے حیدرآباد کے اپنے دورے کے دوران شہر کی کئی سڑکوں پر سیوریج کے تالاب بہتے ہوئے پائے۔شہر کی اہم اہم سڑکیں، سرکٹ ہاؤس، سندھ ہائی کورٹ اور لوئر کورٹ کو جانے والی سڑکیں سیوریج کے پانی سے بھری ہوئی تھیں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ چیف سکریٹری کو حیدرآباد کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے کھیمٹیو کے خلاف شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔افسران نے بتایا کہ زاہد کھیمٹیو نے جب بھی ان سے رابطہ کیا تو انہوں نے اچھا جواب نہیں دیا۔چیف سکریٹری نے جمعہ کو بطور جواب دہ عدالت کی سماعت میں شرکت کی تھی اور یہ معاملہ آلودہ پانی کی فراہمی، پانی کی قلت اور نکاسی آب سے متعلق تھا۔اپنی معطلی کی مدت کے دوران زاھد کھیمٹیو سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اور کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کریں گے اور وہ معطلی کی مدت کے دوران اپنی تنخواہ حاصل کر سکے گے۔