کراچی( بیورو رپورٹ )پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی اندرون سندھ کچے کے علاقے میں ڈکیتوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں جاری۔ اندرون سندھ ضلع کندھ کوٹ تحصیل تنگوانی کے گاؤں سیفل لارو میں پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، اغواء برائے تاوان اور سہولت کاری میں ملوث 21 ملزمان کو گرفتار کر کے بگی گینگ کی پناہ گاہوں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان مبینہ طور پر گزشتہ دنوں اندرون سندھ کشمور کے پرائمری اسکول میں تعینات ٹیچر اللہ رکھیو نیندوانی کے قتل اور سہولت کاری میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان میں مرکزی سہولت کار امان اللہ، اس کا بیٹا اور مقامی وڈیرہ یار محمد بھی شامل ہیں جس نے بگی گینگ کے سرغنہ اور ان کے اہلِ خانہ کو پناہ دی تھی۔یہ گینگ کشمور کے مختلف علاقوں جس میں ٹُل، تنگوانی، کند ھ کوٹ اور دیگر علاقوں میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کے لیئے پولیس کے حوالے کر دیا گیاہے۔عوام ڈاکوؤں کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کریں اور سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے میں سندھ رینجرز کی مدد کے لیے رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فوری اطلاع دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔