اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ بیرک گولڈ کمپنی کے وفد سے ملاقات میں شہباز شریف نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے سے صوبے کی ترقی اور لوگوں کی خوش حالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔وزیراعظم شہباز شریف سے بیرک گولڈ کمپنی کے وفد نے سی ای او مارک برسٹوو کی سربراہی میں ملاقات کی ہے۔اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب بھی موجود تھے۔دوران ملاقات بیرک گولڈ کمپنی کے وفد نے وزیراعظم کو ریکوڈک منصوبے میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریکوڈک منصوبے کی فزیبیلٹی اس سال کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی، منصوبے پر کام کرنے کےلیے بلوچستان کے ڈومیسائل کے افراد کو ترجیح دی جا رہی ہے۔بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ بیرک گولڈ نے کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے تحت ریکوڈک کے قریب 3 اسکولز قائم کئے ہیں جبکہ ہماری طرف سے خواتین سمیت 100 افرد کو فنی تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔اس دوران وزیراعظم شہبا زشریف نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا، اس منصوبے سے صوبے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں مواصلات انفرا اسٹرکچر، خصوصاً ریلوے لائن کے حوالے سے منصوبہ سازی کی جائے گی، حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعظم نے بیرک گولڈ کو بلوچستان میں معدنیات کے دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔انہوں نے وفد کو تجویز دی کہ ضلع چاغی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے حکومت اور بیرک گولڈ مل کر کام کر سکتے ہیں۔