اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) والے سیدھا سادا دھندا کر رہے ہیں۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی زمین کی منتقلی کے کیس میں ریمارکس دیے کہ ڈی ایچ اے والوں نے پیسا کمانا ہے تو کمائیں، شہیدوں کو بیچ میں مت لائیں۔سماعت کے دوران ڈی ایچ اے کے وکیل نے کہا کہ ڈی ایچ اے شہدا کے ورثا اور جنگ میں زخمیوں کو پلاٹس دیتا ہے۔جسٹس عرفان سعادت نے سوال کیا کہ کیا ڈی ایچ اے صرف شہدا کےلیے کام کرتا ہے؟ جس پر ڈی ایچ اے کے وکیل نے جواب دیا کہ اس منصوبے میں کمرشل پلاٹس بھی ہوتے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ یہ گیم ہم نے بہت بار دیکھا ہے، اس معاملے میں تین مرکزی کردار ہیں، پرویز مشرف، پرویز الہٰی، نجی ہاوسنگ سوسائٹی۔ زاہد رفیق کیس کے مرکزی کردار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہیں پاکستان کے اصل مالک؟ پوچھتے ہیں وزیراعلیٰ کون ہوتا ہے زمین الاٹ کرنے والا؟ کیا وزیراعلیٰ کا اختیار ہے؟چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ ایسٹ انڈیا کمپنی نے ایسا نہیں کیا جیسا وزیراعلیٰ کر رہے ہیں، یہ لوگ بہت طاقتور ہیں، انہوں نے سب خریدا ہوا ہے۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مقدمہ لائیو چلانے کی ہدایت کردی۔