اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی دہشت گرد تنظیم کو معافی نہیں ملے گی۔نیکٹا ہیڈکوارٹر میں ہونے والے اجلاس میں نیشنل کاؤنٹر ٹررازم اتھارٹی کو فرنٹ فٹ پر لڑوانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں نیکٹا کی جدید خطوط پر تنظیم نو کا فیصلہ بھی کیا اور طے پایا کہ نیشنل ایکشن پلان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اگلے ہفتے اجلاس طلب کیا جائے گا۔دوران اجلاس وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اب عملی اقدامات کرنا ہوں گے، کسی دہشت گرد تنظیم کومعافی نہیں ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ اہم یہ ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو پیشگی ایکشن سے ختم کیا جائے۔محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں کے انتہا پسند نظریہ کے خلاف پاکستانی قومی بیانیے کی ترویج کرنا ہو گی۔