راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)وزیرِاعظم شہباز شریف شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی دہشتگرد حملے کے شہداء کے گھر پہنچے اور انکے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ ایوان وزیراعظم کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم چکلالہ میں شہید لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کے گھر پہنچے۔ وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف شہید کی مغفرت اور انکے اہل خانہ کےلیے صبر جمیل کی دعا۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف شہید کیپٹن احمد بدر کے گھر تلہ گنگ پہنچے جہاں انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کیپٹن احمد بدر شہید کے والد سے ملاقات کی اور دفاعِ وطن کے لیے شہید کیپٹن کی عظیم قربانی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں و افسران نے ملک کی بقاء کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ مجھ سمیت پوری قوم ملک کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ شہداء کے اہلِ خانہ پوری قوم کیلئے قابل فخر ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پوری قوم ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔واضح رہے کہ کیپٹن احمد بدر 16 مارچ کو شہید ہوئے جنہیں گزشتہ روز تلہ گنگ میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔کیپٹن احمد بدر شہید کے والد نے 23 سالہ اکلوتے بیٹے کو شہادت کا رتبہ ملنے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ فخر ہے کہ بیٹا شہید ہو کر عزت پا گیا اور مجھے بھی عزت بخش دی۔