کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) تیسری مسلم انٹرنیشنل اسکاؤٹس جمہوری کے لیے پاکستانی اسکاؤٹس کو مشکلات، پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن نے آفیشل رجسٹریشن فیس کے علاؤہ پہلی بار پروسیسنگ کے نام پر اسکاؤٹس سے 130 ڈالرز جمع کرنا شروع کر دئیے۔ اسکاؤٹس پر انٹرنیشنل ایونٹس کے دروازے بند۔ اسکاؤٹس نے اضافی فیس وصولی مستعد کر دی، فوری فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی وفاقی اور صوبائی برانچز میں مبینہ بندربانٹ کے جھگڑوں نے اسکاؤٹس کو پریشان کر دیا ہے اور ان کے لیے عالمی ایونٹس میں شرکت کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے انٹرنیشنل ایونٹس خصوصا تیسری مسلم انٹرنیشنل اسکاؤٹ جمہوری ہیوسٹن کے لیے آفیشل رجسٹریشن فیس کے علاؤہ پروسیسنگ فیس کے نام پر 130 امریکی ڈالرز بھی جمع کیے جا رہے ہیں اور یہ اضافی بلاجواز فیس نا دینے والے اسکاؤٹس کا فارم ہی آگے نہیں بھیجا جا رہا جس سے اسکاؤٹس میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔ نیشنل ہیڈکوارٹرز مالی بندربانٹ، اقربا پروری اور مبینہ کرپشن کے الزامات کی وجہ سے پہلے ہی قانونی کارروائیوں کا سامنا کر رہا ہے۔ مختلف الزامات کے تحت نیشنل ہیڈ کوارٹر کو سیل بھی کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق نیشنل ہیڈکوارٹر کی جانب سے مالی لین دین کے معاملات اور ناجائز پروسیسنگ فیس وصولی کے اقدام نے پاکستانی اسکاؤٹس کے لیے انٹرنیشنل ایونٹس کے دروازے بند کر دئیے ہیں۔ اس ناجائز فیصلے کی وجہ سے انٹرنیشنل ایونٹس میں اسکاؤٹس کی شرکت نا ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔ اس قدغن کی وجہ سے تیسری عالمی مسلم اسکاؤٹ جمبوری میں اب تک پورے پاکستان سے صرف 75 سے زائد اسکاؤٹس کی رجسٹریشن ہو سکی ہے کیونکہ اسکاؤٹس نے اس ناجائز اضافی پروسیسنگ فیس وصولی کو مسترد کر دیا ہے۔ اسکاؤٹس نے یہ اضافی فیس وصولی کا فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر انٹرنیشنل کمشنر محفوظ یار خان نے کہا کہ اضافی پروسیسنگ فیس وصولی کا فیصلہ 21 دسمبر 2023 کے منیجنگ کمیٹی اجلاس میں کیا گیا تھا اور یہ پیسے ہر صورت وصول کیے جائیں گے۔ یہ اضافی فیس نا دینے والے اسکاؤٹس کو کسی صورت انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جب ان سے اس فیصلے اور منٹس آف میٹنگ کی کاپی مانگی گئی تو انہوں نے خاموشی اختیار کر لی۔ اس سلسلے میں چیف اسکاؤٹس کمشنر پاکستان سرفراز قمر ڈاہا سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے انتہائی بدتمیزی کا مظاہرہ کیا اور کہا کہ وہ کسی کو جواب دہ نہیں ہیں اور نا ہی میڈیا کے سوال کا جواب دیں گے، ا سکے بعد کال بند کر دی۔ امریکہ میں رابطہ کرنے پر تیسری عالمی مسلم اسکاؤٹس جمبوری کے چییف کیمپوری سید احتشام نقوی نے واضح کر دیا کہ بوائے اسکاؤٹ آف امریکہ کی جانب سے کوئی اضافی فیس نہیں مانگی گئی اور 130 ڈالرز اضافی فیس وصولی سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کا اپنا اندرونی معاملہ ہے جس کا فیصلہ وہ خود کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن کے افراد کو آپس کی اختلافات ختم کر کے اسکاؤٹس کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہیے اور اسکاؤٹس کو انٹرنیشنل ایونٹس میں بھرپور سپورٹ کرنی چاہیے۔ سیکریٹری پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن سندھ برانچ سید اختر میر نے بھی نیشنل ہیڈکوارٹر کی جانب سے اضافی فیس وصولی کے معاملے سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے کرتا دھرتا افراد کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ پاکستانی اسکاؤٹس دنیا سے کٹ جائیں گے اور امریکہ، برطانیہ، اسپین، آئس لینڈ، جاپان، تھائی لینڈ، برازیل سمیت دیگر ممالک میں اس سال ہونے والے عالمی ایونٹس میں شرکت سے محروم رہیں گے۔