: اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) ترجمان بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ناصر فرید نے کہا ہے کہ صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے فیصل مسجد میں اعتکاف کے لیے 5 ہزار رجسٹریشن فیس کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوے دعوہ اکیڈمی کو رجسٹریشن فارم کے لیے مقررہ فیس فی الفور ختم کرنے کے احکامات جاری کر دیےہیں۔ترجمان جامعہ کے مطابق صدر جامعہ نے نہ صرف اعتکاف کے لیے مقررہ5000 رجسٹریشن فیس ختم کرنے کے احکامات جاری کیے بلکہ دعوہ اکیڈمی کو ہدایت کی کہ مستقبل میں فیصل مسجد سے متعلقہ ایسے امور جن کا تعلق عوام الناس سے ہو ان کی باقاعدہ منظوری صدر جامعہ سے لی جاے اور اس بابت اکیڈمی کوئی بھی فیصلہ اپنے طور پر نہ کرے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ صدرِ جامعہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ ماہ صیام کے دوران فیصل مسجد میں نمازیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جاے اور اعتکاف سے متعلقہ جملہ امور کے حوالے سے بھی آسانیاں پیدا کی جائیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر جامعہ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ اعتکاف کے حوالے سے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جاے۔یاد رہے کہ دعوہ اکیڈمی کے اعتکاف کے فارم کے لیے 5000 روپے رجسٹریشن فیس پر شدید عوامی رد عمل آیا تھا۔