اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت لوٹوں، نوٹوں اوربوٹوں کی مرہون منت ہے۔ جماعت اسلامی الیکشن میں متاثرہ فریق ہے،انصاف کے لیے ہردروازے پر دستک دیں گے، سپریم کورٹ بھی جائیں گے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کے حقوق کے لیے چوکوں چوراہوں میں جدوجہد جاری رہے گی، ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کے ہمراہ منصورہ میں بیٹ رپورٹرز کے اعزاز میں افطار تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی، عوام کا حق چرایا گیا، زہریلی پولرائزیشن بڑھ گئی، اب اس کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے، ضروری ہے کہ عوام کو اس کا حق واپس دیا جائے، حکومت پہلے مرحلہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے، پولرائزیشن کا خاتمہ نہ ہوا تو رہی سہی جمہوریت بھی ختم ہوجائے گی۔ جماعت اسلامی سولین بالادستی چاہتی ہے،اس مقصد کے حصول کے لیے نظام کو ٹھیک کیا جائے۔امیر جماعت نے کہا کہ حکومت میں موجود پارٹیاں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں، لوگ مہنگائی سے بے حال ہیں، حکمرانوں کا ہنی مون چل رہا ہے، رمضان کے مہینے میں بسم اللہ کر کے سب سے پہلے 300یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر وزیرخزانہ کی تعیناتی ہوئی، ایک ایسے شخص کو معیشت کا انچارج بنایا گیا جو وزیر پہلے اور پاکستان کا شہری بعد میں بنا، اب عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے مزید شرائط سامنے آئیں گی، مہنگائی میں اضافہ ہوگا، عوام پر نئے ٹیکسز لگائے جائیں گے۔ 23بار آئی ایم ایف کا تجربہ ناکام ہوا، 24ویں بار کیسے کامیاب ہوگا؟ معیشت بہتر کرنی ہے تو سود اور کرپشن کا خاتمہ اور مینجمنٹ کو بہتر کرنا ہوگا، زکوٰۃ اور عشر کا نظام متعارف کرایا جائے، اس وقت خاندانوں کی حکومت ہے، شہزادے شہزادیاں موج میں، عوام پس رہے ہیں، موجودہ حکومت ماضی کا تسلسل ہے، فارم 47والے اقتدار میں، فارم 45والے احتجاج کررہے ہیں، بہتری کی کوئی توقع نہیں، اسٹیبلشمنٹ نے جس پارٹی کو 2018میں نوازا، 2024میں اسے محروم کردیا، حکمران پارٹیاں اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی کے بغیر سیاست نہیں کرسکتیں۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی فلسطین کے عوام کے حق میں بھرپور آواز اٹھا رہی ہے، ہمار امطالبہ ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے، فلسطینی عوام ایک طرف بارود کی آگ میں جل رہے ہیں دوسری طرف فاقہ کشی اور ادویات کی کمی کی وجہ سے مررہے ہیں، جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن مسلسل اہل فلسطین کو امداد پہنچارہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اسلامی ممالک اور خصوصی طور پر پاکستان کی حکومت غزہ کے مظلوموں کی مدد کے لیے عملی اقدامات کرے۔