کراچی(نمائندہ خصوصی)چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کہا کہ جب تک نیو بارن بچوں کی100 فیصد رجسٹریشن اور روٹین امیونائیزیشن نہیں ہوگی پولیو وائرس کا خاتمہ ایک چیلینج رہے گا۔ یہ بات انہوں نے پولیو کے خاتمے کے لئے قائم ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے دورے کے دوران کی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں پولیو وائرس کے خاتمے کے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ ارشاد علی سودھر، سیکریٹری صحت سید منصور عباس رضوی، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، نیشنل اسٹاپ ٹرانسمشن آف پولیو (NSTOP) کے نمائندوں سمیت دیگر شریک ہوئے. اجلاس میں پولیو وائرس کی مجموعی صورتحال اور اس کی روک تھام کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کہا کہ بطور چیف سیکریٹری سندھ انکا پہلا اجلاس پولیو کے خاتمے کے متعلق ہے، اور جب وہ کمشنر کراچی بنے تھے تب بھی انہونے پہلا اجلاس پولیو وائرس کے خاتمے کے متعلق ہی کیا تھا۔ انہونے کہا کہ پولیو مہم کے ساتھ ساتھ زیرو ڈوز بچوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تا کہ بچوں کی روٹین امیونائیزیشن کی جا سکے جس کے لئے پولیو ٹیم اور EPI کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے مزید کہا کہ ویکسینیٹر کی تعداد کو بڑھایا جائے گا، اور انکو سہولیات فراہم کی جائے گے تا کہ بچوں کی ویکسینیشن موثر انداز میں کی جا سکے۔ انہونے مزید کہا کہ جب تک نئیں پیدا ہونے والے بچوں کا 100 فیصد رکارڈ نہیں ہوگا پولیو وائرس چیلینج رہے گا۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ ارشاد علی سودھر نے بتایا کہ پاکستان میں گزشتہ سال 6 پولیو کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سندھ سے 2 جب کے خیبرپختونخوا سے 4 کیس رپورٹ ہوئے۔