کراچی ( ایجوکیشن رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے تیرہویں روز صبح اور شام کی شفٹوں میں سائنس اور ہوم اکنامکس گروپس کا انگلش نارمل اور انگلش ایڈوانس جبکہ کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے اسلامک ایجوکیشن اور سوکس /اخلاقیات کے پرچے لیے گئے۔چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین اور ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے آج بھی امتحانی مراکز کا دورہ کر کے امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے نائب ناظمین امتحانات اسلم چوہان، زاہد رشید، آئی او سی زرینہ راشد اور پروفیسر فرزانہ خان پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز کالج کلفٹن گزری، ڈی ایچ اے گرلز کالج، پریمیئر گورنمنٹ بوائز کالج نارتھ ناظم آباد اور گورنمنٹ گرلز کالج بلاک ایم نارتھ ناظم آباد کا دورہ کر کے امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔
ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے گورنمنٹ ایگرو ٹیکنیکل سیکنڈری اسکول شاہ فیصل اور گورنمنٹ سپریئر سائنس کالج شاہ فیصل کالونی کا دورہ کر کے مجموعی طور پر 17 طلباء کو نقل اور موبائل کا استعمال کرتے ہوئے پکڑا۔ چیئرمین انٹربورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کی ہدایت پر سینئر اساتذہ پروفیسر عامر الحق، پروفیسر نزاکت علی، پروفیسر ندیم حیدر، پروفیسر عدیل خواجہ حسن اور پروفیسر فیروز صدیقی پر مشتمل ٹیم نے بھی مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کر کے 14نقل اور موبائل کے استعمال کے کیسز رپورٹ کیے۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسرڈاکٹرسعید الدین نے امتحانات کے بلاتعطل اور پرامن انعقاد کیلئے سینئر اساتذہ پر مشتمل اس ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔