اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ولی باغ چارسدہ میں اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان سے ملاقات کی اور ان سے اُن کی والدہ کے انتقال پر تعزیت اوردعائے مغفرت کی۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف، نائب امیر کے پی عنایت اللہ خان، صوبائی سیکرٹرل جنرل عبدالواسع، امیر ضلع چارسدہ حسین شاہ بھی ہمراہ تھے۔ سابق وزیراعلیٰ کے پی امیر حیدر خان ہوتی بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثنا پشاور میں ذمہ داران اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ مہنگائی نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، حکمران آئی ایم ایف کی چوکھٹ پر پہنچ چکے، بھیک مانگی جا رہی ہے، آئی ایم ایف کی شرائط سے مہنگائی کا طوفان مزید بڑھے گا، حکمران اشرافیہ اپنا پروٹوکول اور مراعات کم کرنے کو تیار نہیں، سارا بوجھ عوام پر ڈالا جاتا ہے، قوم ا ب مزید قربانیاں دینے کو تیار نہیں، حکمران اپنی عیاشیاں کم کریں، کرپشن کے خاتمہ اور گڈ گورننس اختیار کرنے سے ہی ملک آگے بڑھے گا، قوم کو سودی قرضوں اور معیشت سے نجات چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ رمضان میں حکومت قیمتیں کم کرنے میں ناکام ہوگئی، رمضان بازاراور حکومتی پیکجز محض نمائشی ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ دنیا بھر کی عوام نے فلسطین کا ساتھ دیا، مگر اسرائیل ٹھس سے مس نہیں ہو رہا ہے، اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف ایک ہزار سے زیادہ قراردادیں پاس ہوئی ہیں، امریکا اس کے باوجود ڈھٹائی سے صہیونی ظلم کی پشت پناہی کر رہا ہے،یورپ اور امریکا میں اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے لاکھوں افراد نے جلوس اور ریلیاں منعقد کیں لیکن وہاں کی حکومتیں کھل کر اسرائیل کا ساتھ دے رہی ہیں، عوام کے مطالبات کے باوجود پاکستان کی حکومت نے بھی اہل فلسطین کی مدد کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا، فلسطینی مائیں بہنیں بیٹیاں پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ معاشرے میں اہل ثروت افراد رمضان میں ضرورت مندوں کا خیال کریں، عطیات اور مالی مددکے کارخیر کو تیز کیا جائے، رمضان میں تاجر خود رضاکارانہ طور پر قیمتیں کم کریں، حکمرانوں سے کوئی توقع نہیں۔ جماعت اسلامی قوم کی خدمت جاری رکھے گی۔