کراچی(نمائندہ خصوصی)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ اور ایکسائز و ٹیکسیشن شرجیل انعام میمن سے آرکائیوز کامپلیکس کلفٹن میں محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ اور محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے حکام نے ملاقاتیں کی۔ ملاقاتوں میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے محکمہ ٹرانسپورٹ اور محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن میں انقلابی اقدامات و اصلاحات کی ہدایات دیں۔ ملاقاتوں کے دوران سیکریٹری ایکسائز عاطف الرحمان اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن نے محکموں کے حوالے سے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔ سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عاطف الرحمان کی سربراہی میں ڈی جی ایکسائز اورنگزیب پنہور، ڈی جی ایکسائز ایڈمن ریاض حسن کھوسو نے شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی ۔ملاقات میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کو ہدایات دیں کہ ٹیکسیشن کے نظام کو موثر و منظم بنانے کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے ٹیکسیشن نظام کو مزید جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرتے ہوئے مزید موثر بنانے کی بھی ہدایات دیں۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا ہے، اہم میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیکریٹری اسد ضامن اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مینیجنگ ڈائرکٹر کمال دایو نے بھی ملاقاتیں کیں۔ ٹرانسپورٹ حکام سے ملاقات کے دوران صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ انہو ں نے ہدایات دیں کہ رمضان کے مبارک مہینے میں عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔