اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) نئے وفاقی وزیر خزانہ نے عوام کو مالی مشکلات کا انتباہ دے دیا۔ محمد اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف سے بات چیت رواں ہفتے شروع ہو جائے گی، اب محض مذاکرات نہیں، عملی اقدامات کا وقت ہے۔پیر کو حلف اٹھانے کے بعد وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عملی اقدامات شروع کردیے ہیں۔ایک بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ رواں مالی سال مشکل سال ہوگا، اب محض مذاکرات کا وقت نہیں بلکہ عملی اقدامات کا وقت ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے اہم مذاکرات کے لیے باضابطہ درخواست بھیجے گا کیونکہ یہ ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہم ہے۔واضح رہے کہ درخواست کے حوالے سے میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان چھ ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت کے تحت درمیانی مدت کے بیل آؤٹ پیکج کے لیے بات چیت شروع کرنے کی درخواست بھی کر سکتا ہے۔ملک کے سب سے بڑے بینک ایچ بی ایل پاکستان کے صدر اور چیف ایگزیکیوٹیو آفیسر (سی ای او) محمد اورنگزیب نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہےاور بطور وزیر خزانہ اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔خبر رساں ایجنسی ”روئٹرز“ کے مطابق ایچ بی ایل نے اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ محمد اورنگزیب نے حکومتی کابینہ میں شامل ہونے کا حلف اٹھانے کے فوراً بعد اپنا استعفیٰ دیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا گیا کہ ایوان صدر میں عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد محمد اورنگزیب نے وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔وزارت خزانہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا گیا کہ ایوان صدر میں عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد محمد اورنگزیب نے وزیر خزانہ کی ذمے داریاں سنبھال لیں۔