کراچی (نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین اورنومنتخب صدر پاکستان آصف علی زرداری منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار کراچی پہنچ گئے اور مزار قائد پر حاضری دی۔ صدر آصف علی زرداری راولپنڈی کی نورخان ایئربیس سے خصوصی طیارے میں روانہ ہو کر کراچی پہنچے۔فیصل ایئر بیس پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ اور دیگر نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔بعدازاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے مزار قائد پر حاضری دی، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی قبر پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ بھی صدر مملکت کے ہمراہ موجود تھے۔ صدر مملکت کی آمد پر ان کے روٹ اور مزار قائد پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔صدر پاکستان کی سیکیورٹی سندھ پولیس کا اسپیشلائزڈ سیکیورٹی یونٹ سرانجام دے رہا ہے۔صدر آصف علی زرداری رات کراچی کے بلاول ہاؤس میں قیام کریں گے۔ صدر آصف علی زرداری بدھ کی صبح کراچی سے لاڑکانہ روانہ ہوں گے۔صدر آصف علی زرداری ذوالفقار علی بھٹو اور بےنظیر بھٹو کے مزارات پر بھی حاضری دیں گے۔