ملتان (اسپیشل رپورٹر ) وہاڑی کے علاقہ مسلم ٹاون کی رہائشی متاثرہ خاتون شائستہ بی بی نے اہلخانہ رخسار بی بی، شگفتہ بی بی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاڑی کے علاقہ چک نمبر 101ڈبلیو بی، لالہ زار کالونی کے رہائشی محمد عمران گوہر کی چکنی چپڑی باتوں میں آکر اپنی بیٹی رخسار بی بی کی تقریبا سوا تین ماہ قبل شادی کی جس کے بارے میں بعد میں معلوم ہوا کہ اس نے ہم سے دھوکہ کیا ہے
کیونکہ اس نے پہلے دوشادیاں کر رکھی تھیں اور بلدیہ وہاڑی میں ٹھیکیداری کرتا ہے جس نے شادی کے بعد میری بیٹی پر دباوڈالا کہ وہ بلدیہ افسران کے ساتھ ناجائز تعلقات رکھے تاکہ اس کو ٹھیکے مل سکیں جس پر میری بیٹی نے انکار کیا تو اس نے میری بیٹی کو آئے روز شدید تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا جس پر تنگ آکر میری بیٹی واپس گھر آگئی جس پر اس کے شوہر محمد عمران گوہر نے ہمیں جان سے ماردینے کی سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں اور تھانہ دانیوال میں اپنے اثر ورسوخ کی بناءپر میرے اور میرے شوہر عبد الستار، بیٹے دانش ودیگر کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرادیا اور اب ہمیں آئے روز جان سے ماردینے کی دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں
انہوں نے وزیراعلی پنجاب، آئی جی، ایڈیشنل آئی جی (ساوتھ پنجاب) آر پی او، ڈی پی او وہاڑی سے فی الفور کاروائی کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ اگر ہماری دادرسی نہ ہوئی توہم وزیراعلی ہاوس سیکریٹریٹ لاہور، آئی جی پنجاب کے دفتر کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے پر مجبور ہوجائیں گے۔