کراچی(نمائندہ خصوصی) پاک بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ساتھ مل کر مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں کشتی الاسد کے 14 لاپتہ ماہی گیروں میں سے 10 کے جسد خاکی کو سمندر سے ڈھونڈ نکالا۔سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز 05 مارچ 2024 کو کیا گیا تھا۔ حادثے کو کئی دن گزر جانے اور خراب سمندری صورتحال کے باوجود 10 لاپتہ ماہی گیروں کے جسد خاکی آج کامیابی کے ساتھ کھلے سمندر سے نکال لیے گئے۔
ماہی گیروں کی کشتی الاسد 45 افراد کے عملے کے ساتھ 5 مارچ کو خراب موسم کی وجہ سے ہجامڑو کریک کے قریب ڈوب گئی تھی۔ سرچ آپریشن میں پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے متعدد اثاثے بشمول ہوائی جہاز، ہیلی کاپٹرز، بحری جہاز اور سپیڈ بوٹس نے حصہ لیا۔ پی ایم ایس ایس رحمت نے سرچ آپریشن پر تعینات یونٹوں سے اطلاع موصول ہونے پر 10 لاپتہ ماہی گیروں کے جسد خاکی تلاش کیے اور سمندر سے نکالے۔لاپتہ ماہی گیروں کے جسد خاکی کو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ سول حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کی جانب سے کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن اس عزم کا غماز ہے کہ پاک بحریہ سمندر میں ہر قسم کی ناگہانی آفت سے نبردآزما ہونے کے لیے تیار ہے۔