اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)بھارت خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنے کیلئے اپنی فوج اور ہتھیاروں بالخصوص میزائل ٹیکنالوجی کو وسعت دینے میں مصروف ہے مگر افسوسناک بات یہ ہے کہ ہتھیاروں کے حوالے سے اس کاکمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی نظام انتہائی مشکوک ہے۔9 مارچ 2022ء کو بھارت کا براہموس میزائل پاکستان کے علاقے میاں چنوں میں آگر تھا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بڑے بڑے ہتھیار رکھنے والے بھارت کے پاس ان ہتھیاروں کو سنبھالنے کی صلاحیت نہیں ہے۔براہموس میزائل کاپاکستان کے علاقے میں گرنا ہندوستاتی افواج اوربالخصوص ان کی ٹیکنالوجی پر سوالیہ نشان ہے۔واقعہ کو دو سال مکمل ہونے کے باوجود ابھی تک بھارت نے اس حادثے کی مکمل اور جامع رپورٹ جاری نہیں کی جو اس کی ایک بڑی نااہلی ہےبھارت نے اس حادثہ کے بعد پاکستان کے ساتھ معذرت کرتے ہوئے اسے انسانی غلطی قرار دیا اور حادثہ کے ذمہ دار تین اہلکا!روں کو بھی برطرف کیا مگر واقعہ کی تفصیلی انکوائری رپورٹ منظر عام پر نہ آئی۔براہموس میزائل کو پاکستان ایئر ڈیفنس سسٹم نے اسی وقت دیکھ لیا تھا جب وہ اپنے مقام سے فائر ہوا اور پھر پاکستان کے علاقے میاں چنوں میں آگرا ۔براہموس میزائل کا پاکستان میں گرنا اقوام متحدہ کے آرٹیکل (2)4 کی صریحاً خلاف ورزی ہے مگر اس کے باوجود پاکستان کی جانب سے واقعہ کی مشترکہ تحقیقات کے مطالبے پر بھارت نے کوئی توجہ نہ دی۔جس روٹ سے براہموس میزائل پاکستان کی سرحد کے اندر آیا وہ بین الاقوامی پروازوں کا روٹ ہونے کی وجہ سے کسی بڑے حادثے کی وجہ بن سکتا تھا۔بھارت ایک جوہری ملک ہے اور اس طرح کی غیر ذمہ داری خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہے ۔پاکستان نے اس واقعہ پر صبر و تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تاہم بھارت یاد رکھے کہ افواج پاکستان مستقبل میں اس طرح کی جارحیت کا بروقت جواب دینے کیلئے مکمل چوکس اور منظم ہیں