تمبو ( این آئی آئی ) بلوچستان کے علاقے تمبو میں گرج چمک اور تیز ہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی اورآسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بلوچستان کے ضلع کوہلو کی سب تحصیل تمبو کے مختلف مقامات پر پیش آئے جس میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔لیویز حکام کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ۔
اس کے علاوہ بارشوں اور تیز ہواوں کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے گر گئے اور سپلائی معطل ہوگئی ،نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔رپورٹس کے مطابق بارش کی وجہ سے سیلابی صورتحال کے سبب رابطہ سڑکوں پر آمدورفت متاثر ہو گئی،اس کے علاوہ مظفرآبادمیں بھی بارش ہوئی،سڑکوں پرپانی جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پھنس گئیں۔دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی رات گئے بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔