کراچی(نمائندہ خصوصی)آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے ڈاکٹر محمد علی شاہ آڈیٹوریم سی پی او آفس کراچی میں منعقدہ تقریب تقسیم شہداء مراعات چیکس کے دوران شہداء کے 05 خاندانوں میں ایک ایک کروڑ اور دس لاکھ کی رقم پر مشتمل امدادی چیکس تقسیم کیئے۔شہید مراعات میں ایک ایک کروڑ پر مشتمل 4 چیکس باالترتیب کانسٹیبل نمبر 4470 غلام عباس,متعینہ ہیڈ کوارٹر گارڈن ساؤتھ,کانسٹیبل نمبر 12566محمد سعید احمد,متعینہ کراچی پولیس آفس,ہیڈ کانسٹیبل نمبر 21381 عبدالحکیم خان متعینہ ایسٹ کراچی, ہیڈکانسٹیبل نمبر 8120,رحمت اللہ متعینہ ایسٹ کراچی کی فیملیز میں تقسیم کیئے گئے جبکہ محافظ فورس کراچی کے شہید اے ایس آئی اقبال خان کی فیملی کو دس لاکھ کی رقم پر مشتمل چیک دیا گیا۔اس موقع پر شہداء کے خاندانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ شہدائے سندھ پولیس کے جرائم کے خلاف دلیرانہ اور بے خوف کاروائیاں ہمارے لیئے ایک اثاثہ اور مشعل راہ ہیں جبکہ انکے ورثاء کی کفالت, بچوں کی تعلیم و تربیت اور انھیں روزگار کی فراہمی ہماری زمہ داری ہے۔انہوں نے شہداء کی فیملیز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپکی مشکلات و مسائل کا بروقت حل اور اس حوالے سے جملہ ضروری ازالہ اقدامات سندھ پولیس کی ترجیحات ہیں۔کسی بھی مشکل وقت یا حالات میں آپکے لیئے میرے دروازے کھلے ہیں جبکہ آپکے متعلقہ سپروائزری افسران آپکی خدمت اور حوصلہ افزائی کے لیئے ہمہ وقت موجود اور پیش پیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کو بہترین اور معیاری تعلیم کے لیئے اپنی زمہ داریوں کو بطریق احسن یقینی بنائیں۔اس ضمن میں پولیس آپکے ساتھ قدم بہ قدم چلنے کے لیئے تیار ہے۔اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ,ڈی آئی جی اسٹبلشمنٹ، ڈی آئی جی ویلفیئر سندھ سمیت اے آئی جیز ویلفیئر, آپریشنز اور ایڈمن بھی موجود تھے۔