کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید عبداللہ مراد کو ان کے 20 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب شہرِ کراچی دہشت گردی کی لعنت سے نبرد آزما تھا، شہید عبداللہ مراد جراَت اور مزاحمت کی علامت کے طور پر کھڑے رہے۔ اُن کی ناگہانی شہادت بلاشبہ ایک سیاہ باب ہے، لیکن ان کی اور ان جیسے دیگر جیالوں کی قربانیوں نے ہی ایک مضبوط اور متحد کراچی کی راہیں روشن کی ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جیالوں اور شہرِ قائد کے عوام پر زور دیا کہ وہ شہید عبداللہ مراد کی خدمات اور قربانیوں کو یاد رکھیں اور یہ تجدید عہد کریں کہ ہم ان اصولوں کے مطابق شہرِ قائد کے امن اور اسے خوشحال بنانے کے سفر کو جاری رکھیں گے، جن کے لئے شہید عبداللہ مراد نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔