گوادر( نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ گوادر کے طوفانی بارشوں سے متاثرہ افراد کی بحالی و امداد کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، متاثرہ مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی اور نجی املاک کے نقصانات کے تفصیلی جائزے پر جلد رپورٹ پیش کی جائے،حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد و بحالی کیلئے ایک جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزارت عظمی کا حلف اٹھانے کے اگلے روز ہی منگل کو وزیراعظم گوادر پہنچ گئے۔گوادر پہنچنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ان کا خیر مقدم کیا۔وزیراعظم نے امدادی کیمپ میں موجود طوفانی بارشوں کے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا۔اس موقع پر انہوں نے متاثرہ افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھاتے ہی وہ یہاں آئے ہیں، ایسا نہیں ہو سکتا کہ گوادر میں طوفانی بارشوں کے متاثرین کو اس مشکل وقت میں تنہا چھوڑا جائے۔قبل ازیں وزیراعظم نے دوران پرواز چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے گوادر اور جنوبی بلوچستان میں حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی کارروائیوں پر بریفنگ لی۔وزیراعظم کو ملک کے دیگر علاقوں میں نقصانات اور متاثرین کی مدد کیلئے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے ذریعے قدرتی آفات سے وقت سے پہلے آگاہی کے لئے نظام وضع کیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متاثرہ مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی اور نجی املاک کے نقصانات کے تفصیلی جائزے پر مبنی رپورٹ جلد پیش کی جائے،حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد و بحالی کیلئے ایک جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے،متاثرین کے ریسکیو اور ان کی امداد میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے