اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی سیکرٹری نے گوادر پورٹ پر پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کنٹینرز کے لیے کراس اسٹفنگ کی اجازت کی تجویز کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بلایا۔اجلاس میں وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری، ڈائریکٹر جنرل ٹرانزٹ ایف بی آر/کسٹمز، چیئرمین گوادر پورٹ، جوائنٹ سیکرٹری وزارت بحری امور، ڈپٹی سیکرٹری وزارت بحری امور، ڈی جی آپریشنز (گوادر پورٹ)، اور چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کے نمائندے نے شرکت کی۔اجلاس میں گوادر پورٹ پر کراس اسٹفنگ کےلئے فوری طور پر کام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم کی ہدایت پر ایف بی آر گوادر پورٹ پر کنٹینرز کی کراس اسٹفنگ کے لیے ترقیاتی سہولت کا جائزہ لے گا اور معائنہ کرےگا اور کراس اسٹفنگ کے افتتاح کی تاریخ بھی طلب کرے گا۔کراس سٹفنگ کی سہولت کےلئے کمیٹی وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر تشکیل دی گئی تھی جس کا مقصد گوادر سے متعلقہ منصوبوں میں درپیش مسائل اور رکاوٹوں کو دور کرنا تھا۔وفاقی سیکرٹری برائے بحری امور نے شرکائ کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ گوادر میں منصوبے ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی کے لیے کلیدی محرک ہیں۔ جیسا کہ، یہ وسطی ایشیا کے قدرتی وسائل کو دنیا تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ ایشیا کی بڑھتی ہوئی صارفی منڈیوں تک آسان رسائی کے لیے ایک سرمایہ کاری موثر راستہ فراہم کرتا ہے۔شرکاءنے گوادر پورٹ کو جلد از جلد کراس اسٹفنگ کی سہولت کی فراہمی کے لیے مراعات میں اضافے پر زور دیا۔