اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کا وفاقی جماعتوں سے اعتماد ختم ہوچکا ہے۔اسلام آباد میںنجی ٹی وی سے گفتگو میں اختر مینگل نے کہا کہ امیدوار چاہے پی ٹی آئی یا مسلم لیگ کے ہوں وہ وفاقی جماعتوں کے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کےلیے رابطہ کیا تھا۔ پی ٹی آئی کو بتایا ہماری جماعت نے فیصلہ کیا ہے کہ ووٹنگ میں حصہ نہیں لینا۔بی این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومتی جماعت نے ہم سے رابطہ نہیں کیا نہ ہمیں امید تھی وہ رابطہ کریں گے۔ رابطہ کرنے سے شاید اقتدار کی کرسی ہلنے لگتی۔اختر مینگل نے یہ بھی کہا کہ انہیں رابطہ کرنا بھی نہیں چاہیے، وہ ووٹوں کے معاملے میں خودکفیل تھے۔انکا کہنا تھا کہ ہر جماعت جب اپوزیشن میں ہوتی ہے تو ہم سے زیادہ بلوچستان کی ہمدرد بنتی ہے۔ جب یہ اقتدارمیں آتے ہیں تو دوسروں سے زیادہ ہمارے آنسو بہاتے ہیں۔بغیر اختیارات کے کوئی بھی عہدہ بےمعنی ہوتا ہے، اگر اختیار نہ ہو تو چھوٹے صوبوں کو بڑے عہدے بےمقصد ہوتے ہیں۔بی این پی سربراہ نے کہا کہ صدارتی امیدوار کی سپورٹ سے متعلق پارٹی فیصلہ کرے گی۔ کون سے صدارتی امیدوار کو ووٹ دینا ہے جلد فیصلہ کریں گے۔