لاہور( بیورو رپورٹ )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی حکومت نے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں ہرمحلے، ہر آبادی کا ڈیجیٹل ریکارڈ بنانے کا فیصلہ کیاہے۔ پنجاب ڈیجیٹل ڈیٹا بیس کے تحت کل آبادی کا درست شمار مرتب ہوگا جس سے کمزور طبقات کی تعداد،مقام، رابطہ اور ایڈریس محفوظ کیا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں مریم اورنگزیب کی سربراہی میں 13 رکنی ٹیکنکل ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیا۔ ٹیکنکل ورکنگ گروپ میں پارٹی کی معاشی ٹیم کے مرکزی رکن اور رکن قومی اسمبلی بلا ل اظہر کیانی کے علاوہ اعلی حکام اور شماریات کے ماہرین شامل ہوں گے۔ پنجاب ڈیجیٹل ڈیٹا بینک کی بنیاد پر صوبے بھر میں تعلیم، صحت اور ترقی کے منصوبے بنائے جائیں گے۔پنجاب کی تمام آبادی میں وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے گی۔ ڈیجیٹل ڈیٹا بینک ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر پیش رفت کی نگرانی اور مستحقین کو مالی مدد کی براہ راست فراہمی کے شفاف نظام کے طور پر کام کرے گا۔ درست اعداد و شمار اور معلومات (ڈیٹا بیس) کی دستیابی سے معاشی پالیسیوں اور درست فیصلہ سازی میں مدد ملے گی۔ ڈیٹا بینک کو بزرگوں، بیواؤں، یتیموں ضرورت مند خاندانوں اور طالب علموں کے سماجی تحفظ کے لئے استعمال کیا جائے گا۔پنجاب میں بچوں کی پیدائش پر ڈیٹا خود کار ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ان کا اندراج کرے گا۔ پنچاب میں کسی دوسرے علاقے سے آکر رہائش اختیار کرنے والوں کی معلومات بھی جمع ہوں گی۔ پاپولیشن ڈیٹا جمع کرنے سے قلیل المدتی اور طویل المدتی پالیسیاں بنانے میں مدد ملے گی۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنما پرویز رشید،مریم اورنگ زیب،عظمی بخاری،ثانیہ عاشق اور شعبہ سماجی بہبود کے ماہر ڈاکٹر امجد ثاقب شریک تھے۔ چیف سیکرٹری پنجاب، چیئر مین پی اینڈ ڈی، مختلف صوبائی سیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی، سی ای اوز پی ایس پی اے، اربن یو نٹ اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔