گوادر ( نمائندہ خصوصی)پاک بحریہ کی جانب سے حالیہ تبا ہ کن بارشوں کے نتیجے میں گوادر کی سیلاب سے متاثرہ آبادی کو امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔پاک بحریہ کے جوان مقامی انتظامیہ کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں گھروں اور گلیوں سے سیلابی پانی نکالنے میں مصروف عمل ہیں پاک بحریہ کی کشتیاں، غوطہ خور اور موبائل میڈیکل ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیںپاک بحریہ کے جوان سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر سڑکوں کی جلد بحالی کے لیے کوشاں ہیں تاکہ امدادی سرگرمیوں کو بلا رکاوٹ جاری رکھا جا سکے۔پاک بحریہ کی ٹیمیں گوادر کے مختلف علاقوں میں سیلاب متاثرین کو کھانے کی اشیاء، پینے کا پانی اور راشن فراہم کر رہی ہیں۔راشن کی تقسیم کے ساتھ ساتھ مقامی سیلاب متاثرہ افراد کو طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔اس سلسلے میں پاک بحریہ کی میڈیکل ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ مقامی افراد کے لئے قائم کئے گئے میڈیکل کیمپ میں علاج معالجے اور ادویات کی مفت سہولیات مہیا کر رہی ہیں۔پاک بحریہ قدرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔پاک بحریہ گوادر کے تمام متاثرہ افراد کی مکمل بحالی تک ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے