کراچی / اسلام آباد / کوئٹہ (نمائندگان ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان سمیت پوری قوم کو یومِ بلوچ ثقافت کی مبارکباد پیش کی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ بلوچ کلچر ڈے تمام پاکستانیوں کو مِل جُل کر اپنے بلوچ بھائیوں کے منفرد ورثے، روایات اور قومی تانے بانے میں ان کی خدمات کو سراہنے اور جشن منانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے اپنے بلوچ بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہاتھ میں ہاتھ دے کر یہ پرمسرت موقع منانا باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے ہر خطے کے ثقافتی تشخص کے فروغ اور تحفظ کے لئے پرعزم ہے اور سمجھتی ہے کہ ہماری اجتماعی طاقت ہمارے ثقافتی تنوع میں مضمر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر پاکستانی بالخصوص نوجوانوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ پاکستان کی قدیم اور شاندار ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔