اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت مسلسل عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ روس سے سستا تیل خریدنے کے بجائے امریکا کی حکومت تبدیل کرنے کی سازش کے نتیجے میں اقتدار میں آنے والی امپورٹڈ حکومت مسلسل عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے۔
پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے خود کو 1100 ارب روپے کا این آر او 2 دے دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجموعی طورپر پٹرول کی قیمت میں 99 روپے، ڈیزل کی قیمت میں 133 روپے اضافہ ہوا ۔انہوںنے کہاکہ عوام اس کے خلاف (آج ) ہفتو کو ہمارے احتجاج میں شرکت کریں۔اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، بدترین لوڈ شیڈنگ کیخلاف انشاءاللہ ہفتے کو امپور ٹڈ حکومت کیخلاف پریڈ گراونڈ میں تاریخی جلسہ ہو گا، میں پنڈی سے پریڈ گراونڈ تک ریلی کی قیادت کروں گا۔