: اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک دشمنی کا ثبوت دیا ہے،یہ خط جان بوجھ کر پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنے کی سازش ہے،آئی ایم ایف کو خط لکھنا پاکستان کی معیشت اور عوام کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں حلف برداری کی تقریب کے بعد پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ خط وہی لکھ سکتے ہیں جن کا وطیرہ صرف ملک دشمنی ہو،بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ ملک مزید تباہی کا شکار ہو،آئی ایم ایف کو خط لکھنا انتہائی قابل مذمت اور وطن سے غداری کے مترادف ہے،یہ خط سائفر کے بعد ملک کیلئے ایک اور بڑا دھچکا ہے۔ محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے خط کی وجہ سے آئی ایم ایف اور عالمی اداروں کا پاکستان پر دبائو بڑھے گااور ملک کو نقصان ہوگا،پی ٹی آئی کی قیادت نے اس بار ملک اور قوم سے دشمنی کی حد کر دی ہے،آج اگر آئی ایم ایف پاکستان کو مطلوبہ رقم نہیں مہیا کرتا تو غریب عوام کے چولہے ٹھنڈے پڑ جائیں گے، ملک میں غربت بڑھے گی، یہ اقدام کسی بھی طور دانشمندانہ نہیں ہے، ملک مزید بحرانوں کی دلدل میں دھنس جائے گا،پاکستان کی سالمیت اور بقاء کو نقصان پہنچانا کسی بھی طور قابل معافی نہیں ہے، پی ٹی آئی قیادت کو اب ہوش کے ناخن لینے اور ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔