اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں ماحول دوست اور ذمہ دارانہ کان کنی کے طریقے اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنک سالٹ کو عالمی سطح پر موثر انداز میں پاکستانی نمک کے طور پر مارکیٹ کرنا ہوگا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار کھیوڑہ میں نمک کی کان کے دورے کے دوران کیا۔ صدر کو پاکستان منرلز ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کے مختلف جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی خام نمک کو قابل قدر مصنوعات میں بدل کر قیمتی زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے، کان کنی کے عمل کے دوران نمک کا ضیاع کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے اور پاکستان میں ماحول دوست اور ذمہ دارانہ کان کنی کے طریقے اپنانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں اعلی معیار کا راک سالٹ پایا جاتا ہے، پاکستانی نمک معیاری، کم قیمت اور منرلز سے بھرپور ہے۔ صدر مملکت نے سالٹ مائن کے اندر مختلف سیاحتی مقامات کا جائزہ لیا۔ انہیں کھیوڑہ میں پائے جانے والے نمک کے معیار اور مختلف نمکیاتی اجزاء کے بارے میں بھی بتایا گیا۔صدر مملکت نے کھیوڑہ نمک کی کان میں سالٹ لائبریری کا افتتاح کیا۔ انہوں نے سالٹ لائبریری اور دمہ سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ صدر مملکت نے کھیوڑہ سالٹ مائن میں دمہ سینٹر میں زیر علاج مریضوں سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔ پاکستان منرلز ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کے ایم ڈی نے صدر مملکت کو کھیوڑہ سالٹ مائن سے نمک کی کانکنی کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں بتایا۔ صدر مملکت کو نمک کی کان کنی کیلئے جاری سرگرمیوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ انہوں نے کھیوڑہ کان کے تاریخی پس منظر میں خصوصی دلچسپی لی۔ صدر مملکت نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلم بند کیے۔