کراچی (رپورٹ: راؤ محمد جمیل) سکھن تھانے کے با اثر SHO غلام حسین پیر زاده نے آئی جی سندھ راجہ رفعت مختار اور ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند کے احکامات کو پاؤں تلے روند ڈالا، گٹکے ماوے کے بڑے گودام پر چھاپے کے دوران برآمد ہونے والی چھالیہ، چورا ، تمباکو اور چونے سمیت مضر صحت گٹکے ماوے کی تیاری میں استعمال ہونے والا 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان فروخت کردیا جبکہ رنگے ہاتھوں گرفتار ملزمان کو بھی پراسرار طور پر رہا کردیا گیا چھالیہ اور دیگر سامان ریڑھی گوٹھ میں واقع ایک گودام سے برآمد کیا گیا مذکوره سامان میں تیار شده گٹکا اور ماوه بھی شامل ہے انتہائی ذمہ دار اور مصدقہ ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سکھن تھانے کے موٹر سائیکل گشت پر معمور 4 پولیس اہلکاروں نے ایک اطلاع پر ماہی گیروں کی قدیم بستی ریڑھی گوٹھ میں موجود گٹکے ماوے کے ایک بڑے گودام پر چھاپہ مارا اطلاعات کے مطابق مذکورہ گودام میں چھالیہ کی کم و بیش 100 بوریوں کے علاوہ مضرصحت گٹکے کی تیاری میں استعمال ہونے والےچونے اور تمباکو سمیت دیگر غیر قانونی اشیاء بھاری مقدار میں برآمد ہوئیں جبکہ موقع پر تیار شده گٹکا ماوه بھی موجود تھا ذرائع کے مطابق چھاپہ دو روز قبل منگل اوربدھ کی درمیانی شب تقریباً دو بجے مارا گیا اس دوران مذکوره پولیس اہلکاروں نے واٹس آپ پر SHO سکھن غلام حسین پیرزاده کو اطلاع دی بعد ازاں SHO سے باہمی مشاورت کے بعد برآمد ہونے والی چھالیہ سمیت دیگر سامان اور تیار شده گٹکا ایک شہزور ٹرک میں ڈال کر تھانے لانے کی بجائے قاسم ٹاؤن کے ایک مکان میں منتقل کیا گیا کیونکہ چھاپہ مار پارٹی میں شامل ایک پولیس اہلکار قاسم ٹاؤن کارہائشی بتایا جاتا ہے ذرائع کے مطابق بعد ازاں پولیس اہلکاروں نے برآمد ہونے والی مذکوره چھالیہ اور دیگر اشیاء سمیت تیار گٹکا اور ماوه فروخت کردیا اور حاصل شده رقم SHO سکھن غلام حسین پیرزاده کے حوالے کردی گئی حاصل شده ” نذرانے ” کا مخصوص حصہ محنت کش پولیس اہلکاروں میں انتہائی دیانت داری سے تقسیم کردیا گیا واضح رہے کہ آئی جی سندھ رفعت مختار نے مضرصحت گٹکے ماوے کے گھناونے دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کاروائی کے احکامات جاری کر رکھے ہیں تاہم ڈی آئی جی ایسٹ کی خصوصی نوازش سے میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے حال ہی میں SHO سکھن تعینات ہونے والے غلام حسین پیزاده نے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کے احکامات پاؤں تلے روند ڈالے اور مذکوره گھناونے دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف کاروائی کی بجائے اپنا روزگار بنا لیا ذرائع کے مطابق سکھن تھانے کے مذکوره موٹر سائکل سوار 4 رکنی پولیس اہلکاروں پر مشتعمل اسکواڈ اس سے قبل بھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون فیکٹری سے چوری شده سامان اور دیگر متعدد کاروائیوں میں برآمد ہونے والا مسروقہ اور غیر قانونی سامان برآمدگی کے بعد فروخت کرنے کے حوالے سے بڑی شہرت رکھتا ہے