اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی کے انسداد بدعنوانی (ACW) ونگ نے بدعنوانی پر قابو پانے کے لیے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ۔سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں متروکہ وقف املاک کی پراپرٹیز واگزار کروانے کے لئے ملک گیر کریک ڈاون کا آغاز کیا گیا۔کامیاب کاروائیوں کے نتیجے میں انسداد بدعنوانی ونگ نے متروکہ وقف املاک کی 29274 ملین روپے مالیت کی 5332 ایکڑ ، 5 کنال اور 4 مرلہ کی زمین واگزار کروائی۔علاوہ ازیں متروکہ وقف املاک کے ناہندگان سے 835.998 ملین روپے کی واجب الادا رقم بھی وصول کی گئی۔ان کامیاب کاروائیوں کی بدولت سابق ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ، اے ڈی جی ACW بشارت محمود شہزاد اور ڈائریکٹر ACW ثاقب سلطان المحمود کو سول ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔سال 2024 کا آغاز بھی کامیاب کاروائیوں سے ہوا۔ رواں سال کے آغاز میں فیصل آباد زون نے ضلع پاکپتن میں واقع متروکہ وقف املاک کی 2274 ملین روپے سے زائد مالیت کی 988 ایکڑ پر مشتمل زمین واگزار کرائی ۔انسداد بدعنوانی (ACW) ونگ کی زیر نگرانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سیل نے 8 ذیلی کمیٹیوں اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے 286 اجلاس میں افسران کی شرکت کو یقینی بنایا۔کمپلائنس رپورٹ کے مطابق 58 پیراز پر عملدرآمد کراتے ہوئے 45 انکوائریاں مکمل کی گئیں۔ جس کے نتیجے میں 6 مقدمات درج کئے گئے اور 5 گرفتاریاں عمل میں لائی گئی جبکہ 4053 ملین روپے سے زائد کی رقم ریکور کی گئی نتیجتاً چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ایف آئی اے کی کامیاب کاروائیوں کی تحریری طور پر ستائش کی۔ رواں سال کے دوران ایف آئی اے سرکلز/تھانوں کی نگرانی کے لیے کیس مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا گیا۔کیس مینجمنٹ سسٹم تفتیش کاروں کی استعدادکار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد گار ثابت ہوگاعلاوہ ازیں اس سسٹم کی بدولت جرائم پیشہ افراد کی مکمل تفصیلات کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے۔