کراچی ( بیورو رپورٹ) ادارہ ترقیات کراچی کے میزانیہ برائے مالی سال 2022-23 ء کی گورننگ باڈی نے منظوری دے دی۔ گورننگ باڈی نے بجٹ کی منظوری کے ڈی اے آرڈر مجریہ 1957ء کی دفعہ 27 کے تحت منظور یکم جولائی 2022 ء سے عملدرآمد کی اجازت بھی دی۔ گزشتہ روز سندھ سیکریٹریٹ کانفرنس ہال میں گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے بحیثیت چیئرمین گورننگ باڈی کے ڈی اے نے کی۔ اس موقع پر سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سید محمد علی شاہ، ممبر فنانس سید شجاعت حسین، ممبر ٹیکنیکل سید نعمان علی، کمشنر کراچی و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں نئے مالی سال 2022-23 ء کے لئے کے ڈی اے کے منظور کئے گئے بجٹ کا حجم9204.705ملین روپے ہے جن میں دیگر اداروں سے بقایات جات کی وصولیاں، پلاٹوں کی نیلامی، اراضی کی آمدنی، نرسریوں اور پارکس کی آمدنی، مکینیکل ونگ، چارج پارکنگ، بچت بازار کے محصولات اور کرائے کی مد میں آمدنی شامل ہے جبکہ نظر ثانی شدہ میزانیہ برائے سال 2021-22 ء کا حجم6937.479ملین روپے پر مشتمل ہے دیگرمصارف میں تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی، فوری اخراجات اور ورکس اینڈ ڈیولپمنٹ مصارف شامل ہیں۔
حکومت سندھ کی جانب سے اعلان کردہ تنخواہوں اور پنشن میں بالترتیب 15 اور 05 فیصد اضافہ آئندہ مالی سال کے مصارف میں شامل ہے۔ نئے مالی سال 2022-2023ء کے منصوبوں میں بے نظیر بھٹوشہید پارک کلفٹن کی تزئین و آرائش، فوڈ اسٹریٹ اور تفریحی مقامات کلفٹن بیچ کراچی کی تعمیر، کے ڈی اے ہول سیل مارکیٹ سرجانی ٹاؤن، افسران و ملازمین کے لئے صحت پالیسی، تجاوزات کے خاتمہ کے لئے ہیوی مشینریز کی خریداری، پائپ فیکٹری اور اسفالٹ پلانٹ کی بحالی، پبلک ہاؤسنگ اسکیم کے ذریعہ سرجانی ٹاؤن کے فلیٹس کی تعمیر نو، کے ڈی اے کی تمام اسکیموں میں سڑکوں کی مرمت اور بحالی اور کمپیوٹرائزیشن برائے فنانشل اکاؤنٹنگ سسٹم کا نفاذ شامل ہے۔ حکومت سندھ ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تنخواہوں اور پنشن کی مد میں اضافی اخراجات کی ادائیگی میں ادارہ ترقیات کراچی کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی اس ضمن میں حکومت سندھ سے گزارش کی جاچکی ہے۔ آخر میں ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے نے کے ڈی اے کی بحالی سے آج تک ادارہ کی ساکھ کو بحال رکھنے کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری سندھ اور سیکریٹری بلدیات کے علاوہ گورننگ باڈی کے اراکین کے تعاون اور کوششوں کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور ادارہ کی ترقی کے سلسلے میں کے ڈی اے کے تمام عملے اور اپنی جانب سے شکریہ بھی ادا کیا۔