راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں رنگ لیڈر ایوب اللہ عرف منصور بھی شامل ہے، ہلاک دہشتگرد علاقے میں ٹارگٹ کلنگ اور شہریوں سے بھتہ وصولی اور اغوا میں ملوث تھے جبکہ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں کسی دوسرے دہشت گرد کی موجودگی کے امکان کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں بھی شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا تھا۔