قصور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن مقبولیت میں سب کو پیچھے چھوڑ آئی ہے، ہر سروے نے مخالفین کے پرخچے ا±ڑا دیئے، 8 فروری کو الیکشن نہیں پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ ہے۔کھڈیاں خاص میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ قصور والو آپ کےعشق نے یہ بازی پلٹ کر رکھ دی، قصور نے کبھی نوازشریف کا پرچم گرنے نہیں دیا، قصور والو آپ کی استقامت کو سلام ہے، ہمیں بھی قصور سے بہت محبت ہے، آج آپ کی محبت پر مہر لگ گئی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ کھڈیاں والو، نوازشریف نے انتخابی مہم کا آخری جلسہ یہاں سے کیا، آج ہر سروے کہہ رہا ہے اس وقت مسلم لیگ ن مقبولیت میں تمام کو پیچھے چھوڑ آئی ہے، ہر سروے نے مخالفین کے پرخچے اڑا دیئے ہیں، عوام دیوانہ وار نوازشریف کی طرف دوڑی چلی آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں تحریک انصاف کے کارکنوں کو کہتی ہوں نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دو، میرا سیاسی جنم ایسے دور میں ہوا جہاں ماں، بہن اور بیٹی کی کوئی عزت نہیں تھی، میں ایسے پاکستان کا خواب دیکھتی ہوں جس میں غریب کے بچوں کو پیٹ بھر کر روٹی ملے۔مریم نواز نے کہا کہ مخالفین نے طریقہ ڈھونڈ لیا کہ کارکردگی بتانے کیلئے نہیں تو نواز شریف پر تنقید کرو، نواز شریف کی کردار کشی کی گئی، ہر جلسے میں مجھ پر کیچڑ اچھالا گیا، بدتمیزی کی، میں ایسے پاکستان کا خواب دیکھتی ہوں جہاں نوجوانوں کے ہاتھ میں ڈنڈے نہ ہوں بلکہ لیپ ٹاپ ہوں۔