قصور(نمائندہ خصوصی) قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے کہا ہےکہ نوجوان ہمارے ساتھ ہیں، ملک کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔کھڈیاں خاص میں انتخابی مہم کے آخری روز جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نہ جاتی تو یہاں پر موجود ہر شخص کے پاس اچھا روزگار ہوتا، موجودہ دور میں ہر نوجوان کو روزگار ملنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس دور سے باہر نکلنا ہے،ہم نے پھر سے ملک کو ایشین ٹائیگر بنانا ہے، شہبازشریف اس جذے کو پاکستان کیلئے استعمال کرویہ پاکستان کی تقدیر بدل کررکھ دے گا۔قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ کھڈیاں کی سڑکوں کو پیرس کی سڑکوں سے بہتر بنائیں گے، یہاں نوجوانوں کیلئے یونیورسٹی ہونی چاہیے، ان کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ اور کمپیوٹرز ہونے چاہئیں۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ کھڈیاں کے نوجوانوں کو ہنر سکھائیں گے اور باعزت نوکریاں بھی دیں گے، کھڈیاں میں رہنے والے نوجوانوں کیلئے سٹیڈیم بھی ہونا چاہیے تاکہ انہیں صحت مند تفریحی کے مواقع میسر آ سکیں۔قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ یہاں پر جب سٹیڈیم بنے گا تو میں شہبازشریف کو افتتاح کیلئے لے کر آوں گا ، میں یہاں کے سٹیڈیم میں اوپنگ کے طور پر میچ کھیلوں گا۔انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے کہ نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں ملیں گی لاکھوں گھرملیں گے، کہاں گئی نوکریاں اور کہاں گئے گھر؟۔نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہمارا دور ایسا تھا کہ10 روپے کلو سبزیاں ملتی تھیں، میرے دور میں روٹی4روپے کی تھی،20 روپے میں5 روٹیاں ملتی تھیں، ہمارے دور میں 5 لاکھ روپے کی گاڑیاں ملتی تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم آج آخری جلسہ کھڈیاں میں کررہے ہیں، امید ہے یہاں موجود نوجوان ہمارے کندھے کے ساتھ کندھا ملا کر پاکستان کی ترقی میں ہمارا ساتھ دیں گے، نوجوانوں کا یہ جذبہ پاکستان کی ترقی کی نوید سنا رہا ہے۔