کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہرِ قائد کے عوام سے مخاطب ہوئے کہا ہے کہ میں کراچی کا بیٹا ہوں، 8 فروری کو عوام تیر پہ ٹھپہ لگا کر موقع دیں، میں خدمت اور ترقی کے ذریعے کراچی کا نقشہ بدل دوں گا۔ انہوں نے زور دیا کہ کراچی والے نفرت اور تقسیم کا "چورن” بیچنے والے ان عناصر کو مسترد کردیں جو شہر کے حقوق پر سودیے بازی کرکے ہر وفاقی حکومت کا حصہ بن کر کراچی کو بھول جاتے ہیں۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین اپنی ملک گیر انتخابی مہم کے حوالے سے شہرِ قائد میں ایک عظیم الشان ریلی کی قیادت کر رہے ہیں، جس کا آغاز بلاول ہاوَس چورنگی کراچی سے ہوا۔ یہ ریلی شیرین جناح کالونی، تارا چند روڈ، کیماڑی، مچھی میانی اور کھارا در سے ہوتی ہوئی چاکیواڑہ لیاری پہنچی، جہاں سے یہ شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی ملیر پہنچے گی، جہاں اس کی آخری منزل داوَد چورنگی ہوگی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چاروں صوبوں کے ہر علاقے میں انتخابی مہم چلائی ہے، لیکن اس حوالے سے کراچی کی بات ہی الگ ہے۔ کراچی میرا اپنا شہر ہے۔ نہ صرف میں یہاں پیدا ہوا، بلکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو بھی اسی شہر کراچی میں پیدا ہوئیں تھیں۔ جب میں کہتا ہوں کہ میں کراچی کا خدمت کرنا چاہتا ہوں، کراچی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں، تو میں اپنے گھر کا خیال رکھنا چاہ رہا ہوں۔” چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں ان کی جماعت کی بھرپور حمایت پر اہلیانِ کراچی کا شکریہ ادا کیا۔ کراچی کے عوام کا شکرگذار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف کیماڑی سے جتوایا بلکہ پورے کراچی سے جتوا کر تاریخ میں پہلی بار کراچی کا میئر ایک جیالا منتخب کروایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 8 فروری کو بھی کراچی کے عوام مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے میرے نمائندے منتخب کریں۔ یہ تاریخ میں پہلی بار ہوگا، نہ صرف بلدیاتی نظام میرے ہاتھ میں ہوگا، انشاء اللہ صوبائی حکومت بھی میرے ہاتھ میں ہوگی، اور اگر آپ کا ساتھ رہا تو وفاقی حکومت بھی میرے ہاتھ میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام کراچی میں قومی اسمبلی کی 20 نشستیں پاکستان پیپلز پارٹی کو دے دیں، تو وہ پانچ سالوں کے مختصر عرصہ میں شہر کا نقشہ ہی بدل دیں گے۔ دیگر پارٹیاں اپنے مفاد کی خاطر الیکشن لڑ رہی ہیں، میں عوام کے حقوق کی خاطر الیکشن لڑ رہا ہوں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کو ان دیگر پارٹیوں کا تقابلی جائزہ لینا چاہیے جو عام انتخابات میں پی پی پی مدِ مقابل ہیں۔ یہ جماعتیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہی ہیں، کوئی نہ کوئی چورن بیچ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی مذہب، کوئی لسانیت اور کوئی فرقہ واریتت کی بنیاد پر کراچی کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ آپ 8 فروری کو تیر پہ ٹھپہ لگا کر ان قوتوں کو جواب دیں کہ یہ ہم سب کا کراچی ہے۔ ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ نفرت کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی کوشش کرے۔ اس شہر نے تشدد کی سیاست کی وجہ سے جو قربانیاں دیں ہیں، وہ تاریخ کا حصہ ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں اصل مقابلہ صرف دو جماعتوں میں ہے۔ ایک شیر والے ہیں اور دوسرا آپ کے شہر کے تیر والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام الیکشن میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے والوں کے ساتھ ساتھ آزاد امیدواروں کی حمایت کرکے اپنا ووٹ ضایع نہ کریں۔ کراچی والو! اس بار مجھے موقعا دیں، آپ اپنے بھائی کو موقعا دیں۔ میں آپ کو مایوس نہیں کروں گا۔ میں کراچی کے چپہ چپہ میں کام کرنا چاہتا ہوں۔ شہر کو درپیش مسائل کا حل نکالنا ہے تو ایک بار پی پی پی کا ساتھ دیں۔” انہوں نے کہا کہ ماضی میں کراچی کے ووٹوں پر ڈاکہ مارا گیا، لیکن اب عوام کسی کو اُن کا مینڈیٹ چرانے نہیں دیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر عوام کو اپیل کی کہ وہ 8 فروری کو تیر کے نشان پر الیکشن لڑنے والے پی پی پی امیدواروں کو بھرپور حمایت سے کامیاب کریں۔ انہوں نے اپنے پارٹی امیدواروں سے بھی حلف لیا کہ وہ الیکشن میں کامیابی کے بعد عوام کی بلاتفریق خدمت کریں گے۔