اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ کشمیریوں کی مکمل سفارتی ،سیاسی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر کا تنازعہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر طویل عرصے سے حل طلب تنازعات کی فہرست میں موجود ہے اور گزشتہ 76 برسوں سے بھارت نے جموں و کشمیر پر اپنا قبضہ جاری رکھا ہوا ہے۔جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ہزاروں کشمیری بھارتی افواج کے ہاتھوں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال شدید تشویش کا باعث ہے، بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادی سے محروم کر رہا ہے۔نگران وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کوئی بھی ظلم کشمیریوں کے عزم کو توڑ نہیں سکتا، آج کا دن منانے کا مقصد عالمی برادری کو ذمہ داری یاد دلانا ہے، اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ 76 سال قبل کئے گئے وعدوں کا احترام کرے، عالمی برادری کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرے۔جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا۔