اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بڑھتے گردشی قرضوں کا بوجھ، پاور ڈویژن نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے پر غور شروع کردیا ہے،بنیادی ٹیرف میں اضافے کا مقصد گردشی قرضے کو کم کرنا ہے، رپورٹ کے مطابق نگران حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور بم گرانے کی تیاری شروع کردی ہے ، آئی ایم ایف کے دباو¿ پر بڑھتے گردشی قرضوں کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کے لیے پاور ڈویڑن نے باضابطہ غور شروع کردیا ہے۔ پاور ڈیژن یکم جولائی 2024 کو آئندہ مالی سال 2024-25کیلئے مذکورہ مالی سال کے لیے کل ریونیو کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے بنیادی نرخ پیش کرنے کی تیاری کر رہا ہے جس کے لیے نیپرا میں باضابطہ طور پر درخواست دائر کی جائے گی۔ نئے مالی سال کے لیے نئے بنیادی نرخ گردشی قرضوں کے انتظام کا منصوبہ تیار کرنے کےلیے ضروری تھا۔ وزارت توانائی ذرائع کے مطابق ہر سال بجلی کے نرخوں میں ری بیسنگ کا تعین آئی ایم ایف کی ہدایات کے مطابق کیا جاتا ہے اور اس کا اطلاق تمام صارفین پرہو گا لیکن ٹیرف میں اتار چڑھاﺅکا انحصار حکومت کی جانب سے مخصوص زمروں کے لیے بجٹ میں دی گئی سبسڈی پر ہوتا ہے۔ یہ ایک نئے بیس ٹیرف کا تعین کرنے کے لیے ریگولیٹری ضرورت بھی ہے جو کہ پیداواری لاگت، سسٹم چارجز اور ڈسٹری بیوشن چارجز کی بروقت وصولی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔