تلہ کنگ (نمائندہ خصوصی) سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی غریب کے دل کی آواز کو سمجھتی ہے۔سابق صدرآصف علی زرداری نے تلہ کنگ میں انتخابی مہم کے حوالے سے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے بیٹے بلاول پر فخر ہے، ہم نے غریبوں کی مدد کیلئے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کارڈ شروع کیا، اس پروگرام کا ہمیں کسی نے نہیں کہا لیکن ہمیں غریبوں کی حالت کا علم ہے۔آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں اتنی غربت نہیں تھی جو موجودہ دور میں ہے، ہمیں الیکشن مہم کا صرف 2دن کا وقفہ ملا ہے، ان دو دنوں میں الیکشن کی تیاری کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس طرح آپ لوگوں نے کم وقت میں اطلاع پر جلسہ میں شرکت کی، اس کیلئے ”آئی لو یو”، مجھے اس بات کا بھی بخوبی اندازہ ہے کہ تلہ کنگ میری طرف دیکھ رہا ہے۔سابق صدر نے کہا کہ ہمیں تلہ کنگ بچانے کے ساتھ یہاں سوئی گیس اور پینے کا صاف پانی مہیا کرنا ہے، ہم نے اپنے دور میں تنخواہوں میں100فیصد اضافہ کیا، آج جتنی مرضی تنخواہیں بڑھا دیں گزارہ مشکل ہورہاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن جیت کر تلہ گنگ کی پسماندگی دور کرنے کیلئے یہاں کے مقامی انتظامی افسران کی تعیناتی کرائیں گے، جو مسائل سمجھتے ہوں تاکہ یہ ضلع بھی ترقی کرے اورشہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم ہوں۔