اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کشمیر ڈے کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ5 فروری کا دن کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور لازوال قربانیوں پر ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے جسے ملک بھر میں جذبے سے منایا جاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، ادارے اور پوری قوم یک زبان ہے۔مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرادادوں اور کشمیری عوام کی ا±منگوں کے مطابق ہی حل ہونا چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی بربریت، ظلم وستم اور انسانی حقوق کی سنگین ترین پامالیوں سے بھارت کا مکر وہ چہرہ دنیا بھر میں عیاں ہوا ہے اور دنیا بھر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات پر آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ بھارت کی موجودہ حکومت نے نہ صرف کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے ہیں بلکہ ہندوستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ اب وقت آچکا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے، جمہوریت پسند ممالک اور تنظیمیں کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا ہے مگر بھارت کی ہٹ دھرمی اور جنونیت کی وجہ سے گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام اپنی آزادی کے حصول کیلئے قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے ملکی و بین الاقوامی سطح پر مل کر مزید اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور ادارے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور آزادی کے حصول تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔