اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) عام انتخابات 2024،الیکشن منجمنٹ سسٹم کے حوالے سے شکوک و شہبات ختم نہ ہو سکے ،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی جانب سے ڈیٹا غائب ہوجانے کی شکایات سامنے آنے لگی ہیں ،الیکشن کمیشن کے منجمنٹ یونٹ نے سب اچھا ہے کہ رپورٹ کمیشن کو دیدی ہے۔عام انتخابات کے انعقاد میں صرف تین دن باقی رہنے کے باجود الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات میں استعمال ہونے والے الیکشن منجمنٹ سسٹم کے حوالے سے شکایات ختم نہ ہوسکی ہیں اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی جانب سے متعلقہ ریٹرننگ افسران کو شکایتی خطوط بھجوائے جانے کا انکشاف ہوا ہے اس سلسلے میں ریٹرننگ آفیسر قمبر شہداد کوٹ کی جانب سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے نام لکھے جانے والے خط میں کہاگیا ہے کہ ای ایم ایس سسٹم درست طریقے سے کام نہیں کر رہا ہے اور اس میں پولنگ عملے کے نام ڈالے گئے تھے جو بعد میں غائب ہوگئے خط کے مطابق لگتا ہے کہ کوئی اور اس سسٹم کو کنٹرول کر رہا ہے خط میں کہا گیا ہے کہ مسائل کے حوالے سے الیکشن کمیشن اور نادرا کے عملے کو کئی بار اگاہ کیا ہے تاہم ابھی تک مسائل حل نہیں ہوئے ہیں اور یہ سسٹم ہمارے لئے مسلسل درد سر بنا ہوا ہے اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ انتخابات کے روز کسی بھی خراب صورتحال سے محفوظ رکھا جاسکے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ایک روز قبل ہی سسٹم کے حوالے سے ایک اور تجرباتی مشق کامیابی کے ساتھ کرنے کے بارے میں پریس ریلیز جاری کی تھی جس کے بعد ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے یہ خط سامنے آگیا ہے۔