اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)آئندہ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کے پائلٹ پراجیکٹ ”الیکشن مینجمنٹ سسٹم“ (ای ایم ایس) پر تحفظات سامنے آگئے، این اے 197 شہداد کوٹ کے ریٹرننگ افسر نے ڈی آر او قمبر شہداد کوٹ کے نام مراسلہ بھیجا، جس میں کہا گیا ہے کہ ای ایم ایس سسٹم سے عملے کا ریکارڈ غائب ہے، معاملے کوحل نہ کیا گیا تو میں ذمہ دارنہیں۔مراسلہ کے متن کے مطابق ای ایم ایس میں پولنگ عملے کی معلومات درج کی تھیں، لیکن عملے کا ریکارڈ غائب ہوگیا ہے۔مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ کمزور ای ایم ایس سسٹم کی درستگی اور اعتبار سوالیہ نشان ہے۔ ای ایم سسٹم میں خرابیوں کے بارے میں الیکشن کمیشن اور نادرا سے رابطہ کیا مگر کوئی مثبت جواب نہ آیا۔ریٹرننگ افسرنے کہا کہ الیکشن مینجمٹ سسٹم آسانی کے بجائے مشکلات پیدا کررہا ہے اور درد سر بنا ہوا ہے، معاملے کو حل نہ کیا گیا تو میں ذمہ دار نہیں۔مراسلے میں یہ بھی کہا گیا کہ ای ایم ایس کی خامیاں عام انتخابات کے انعقاد میں بڑی رکاوٹ بن سکتی ہیں۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز ای ایم ایس کے کامیاب ٹرائل کا دعویٰ کیا تھا۔