پشاور( نمائندہ خصوصی) چترال میں آرکری میں گلیشیر پھٹنے سے برساتی نالے میں شدیدطغیانی کے باعث گاؤں کے دونوں پل سیلابی ریلےمیں بہہ گئے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ گاؤں کے دونوں پل سیلابی ریلےمیں بہہ گئے تاہم خوش قسمتی سےکوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جانی وانفراسٹرکچرنقصانات کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، ضلعی انتظامیہ کےساتھ رابطےمیں ہے اور پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم مکمل فعال ہے۔دوسری جانب ہنزہ میں بھی حالیہ شدید گرمی کے باعث شسپر گلیشئر پگھلنے لگا ، پانی کے تیز بہاؤ سے ہنزہ اور پاک چین اقتصادی راہداری شاہراہ شدید متاثر ہوئی، جس کے باعث متاثرہ پل کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔شاہراہ قراقرم پر چین کو ملانے والاحسن آباد کا عارضی پل طغیانی کی زد میں آگیا، جس کے بعد شاہراہ قراقرم گلگت تا ہنزہ ٹریفک متبادل سڑک مرتضیٰ آباد پر ساس ویلی نگر منتقل کردیا گیا۔