راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) بانی پی ٹی آئی اور شیخ رشید کیخلاف 9 مئی کے مقدمات کا معاملہ، راولپنڈی کے حلقے این اے 53 میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار اجمل صابر،سابق رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی، واثق قیوم اور عمر تنویر، شیخ رشید کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے۔ راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور شیخ رشید کے خلاف 9 مئی کے مقدمات پر سماعت ہوئی، سابق سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم، سابق ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی اور عمر تنویر بٹ وعدہ معاف گواہ بن گئے۔ ذرائع کے مطابق صداقت عباسی، واثق قیوم اور عمر تنویر بٹ نے عدالت میں 154 کا بیان ریکارڈ کرا دیا، تینوں گواہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 9 مئی کی پلاننگ شیخ رشید، راجہ بشارت، راشد شفیق، اعجاز خان جازی، راشد حفیظ اور بانی پی ٹی آئی کی ایماءپر کی گئی۔ راولپنڈی کے حلقے این اے 53 میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کرنل اجمل صابر بھی شیخ رشید کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے، اجمل صابر نے پولیس کو بیان میں کہا کہ شیخ رشید نے 6 مئی کو لال حویلی میں اجلاس بلایا تھا جہاں 9 مئی کی پلاننگ کی گئی تھی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید اور راشد شفیق کو 6 فروری کو طلب کر لیا۔